ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کر دیا

fare increase
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز اور متعلقہ حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے نتیجے میں کرایوں میں 3 سے 4 فیصد اضافے پر اتفاق کر لیا گیا۔

اس فیصلے کا مقصد ایک جانب ٹرانسپورٹرز کو درپیش مالی دباؤ کو کم کرنا ہے تو دوسری جانب عوام پر اضافی بوجھ کو محدود رکھنا بھی ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹ ہاؤس میں ہونے والی اہم بیٹھک میں سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے تفصیلی غور و خوض کے بعد کرایوں میں معمولی اضافے پر اتفاق کیا، تاکہ توازن برقرار رکھا جا سکے۔

سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے واضح کیا کہ کسی بھی ٹرانسپورٹر کو من مانے طریقے سے کرایوں میں اضافہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی ٹرانسپورٹر مقررہ حد یعنی 4 فیصد سے زائد کرایہ وصول کرتا پایا گیا تو اس کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز نئے کرایہ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں گے اور فوری طور پر ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ حکام کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7.27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث کرایوں میں رد و بدل ناگزیر ہو گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

عوامی حلقوں نے اس فیصلے کو نسبتاً متوازن قرار دیا ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں کسی بھی قسم کا اضافہ ان کیلئے مشکلات میں مزید اضافہ کرتا ہے۔