ذرائع کے مطابق قیمتوں میں کمی سے متعلق سمری آج وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کی جائے گی، جس کے بعد حتمی اعلان رات کے وقت متوقع ہے۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق حکومتی عہدیداروں نے عندیہ دیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور مقامی سطح پر معاشی حالات میں بہتری کے باعث عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پیٹرول، ڈیزل اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جائے گی، جس سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو کچھ سکون ملے گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف عوام کو ریلیف فراہم کرنا بلکہ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی آئے گی جس کا مثبت اثر اشیائے خوردونوش سمیت دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی
یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جس نے عوام کو شدید متاثر کیا۔ تاہم اب متوقع کمی سے امید کی جا رہی ہے کہ مہنگائی میں کچھ حد تک کمی آئے گی اور عوام کو فوری ریلیف ملے گا۔