عالمی اور مقامی منڈیوں میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث سونے کے نرخ مسلسل تبدیل ہو رہے ہیں جبکہ چاندی کی قیمتیں بدستور مستحکم ہیں۔
صرافہ مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 5 لاکھ 43 ہزار 262 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 172 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ 4 لاکھ 65 ہزار 759 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 908 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 26 ہزار 961 روپے ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 37 ڈالر مہنگا ہو کر 5 ہزار 205 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے بحر احمر کے راستے تیل کی ترسیل شروع کر دی
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی، مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت 9 ہزار 354 روپے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 8 ہزار 19 روپے پر برقرار ہے۔ عالمی مارکیٹ میں چاندی 88 اعشاریہ 70 ڈالر فی اونس کی سطح پر مستحکم رہی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی صورتحال، کرنسی کی قدر میں تبدیلی اور سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی کے باعث سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے جس کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔