پیر کے روز کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کرنے کا رجحان بڑھ گیا جس کے نتیجے میں مرکزی اشاریہ تیزی سے نیچے آگیا۔
ابتدائی کاروبار کے دوران مرکزی اشاریہ میں تقریباً 9 ہزار 780 پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد یہ گر کر ایک لاکھ 47 ہزار 715 پوائنٹس کی سطح تک آگیا۔
اسی دوران 30 بڑی کمپنیوں پر مشتمل اشاریہ میں بھی واضح کمی دیکھی گئی اور یہ 6 اعشاریہ 39 فیصد تک نیچے آگیا۔
حصص بازار میں اچانک شدید مندی کے باعث قواعد کے مطابق لین دین کو 45 منٹ کیلئے معطل کردیا گیا تاکہ سرمایہ کار صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ
کاروبار کے دوران مرکزی اشاریہ ایک لاکھ 47 ہزار 710 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک بھی پہنچا جبکہ کچھ وقت کیلئے یہ ایک لاکھ 50 ہزار 174 پوائنٹس کی بلندی تک بھی گیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع سمیٹنے اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث بازار پر دباؤ بڑھا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز بازار مثبت رجحان کے ساتھ بند ہوا تھا اور مرکزی اشاریہ ایک لاکھ 57 ہزار 496 پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا تھا۔