مارکیٹ ذرائع کے مطابق کراچی شہر میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 30 روپے تک اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد گھریلو استعمال کیلئے گیس اب تقریباً 330 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے۔ قیمتوں میں اس اچانک اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باعث توانائی کی مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایل پی جی کی فراہمی متاثر ہونے سے مقامی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت تقریباً 226 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی، تاہم مارکیٹ میں اس وقت اس سے کہیں زیادہ نرخ وصول کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں مسلسل اضافے سے گھریلو اخراجات میں مزید بوجھ بڑھ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو توانائی کی دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے جس کے اثرات عام صارفین پر پڑنے کا خدشہ ہے۔