روسی تیل کی بڑی کھیپ پاکستان روانہ، روسی میڈیا کا دعویٰ
Russian crude oil Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے دوران روسی خام تیل کی ایک بڑی کھیپ جلد پاکستان پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

روسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 7 لاکھ 33 ہزار بیرل روسی خام تیل جلد پاکستان کو فراہم کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق یہ کھیپ پاکستان کے اہم بندرگاہی مرکز پورٹ قاسم پر پہنچے گی، موجودہ صورتحال میں آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے باوجود روس پاکستان کو توانائی کی فراہمی جاری رکھ سکتا ہے۔

روسی میڈیا نے گلوبل انرجی امور کے ماہر ڈاکٹر ممودہ سلامے کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے مختلف ممالک سے خام تیل حاصل کرنے کی پالیسی پر عمل کر رہا ہے۔

ذہن نشین رہے کہ پاکستان طویل عرصے سے تیل کی درآمد کیلئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر انحصار کرتا رہا ہے، تاہم حالیہ برسوں میں روس سے بھی خام تیل خریدنے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

واضح رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہر 10 فیصد اضافے سے پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں تقریباً ڈیڑھ سے دو ارب ڈالر تک اضافہ ہو جاتا ہے، اگر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ جائے تو پاکستان کا سالانہ خسارہ 5 سے 7 ارب ڈالر تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ روسی تیل کی فراہمی پاکستان کیلئے توانائی کے شعبے میں ایک متبادل ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے اور اس سے درآمدی اخراجات میں کچھ حد تک کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

ضرور پڑھیں