کاروبار کے ابتدائی اوقات میں ہنڈرڈ انڈیکس میں 698 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر 188901 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق بینکنگ، توانائی اور سیمنٹ کے شعبوں میں خریداری کے دباؤ نے مجموعی کارکردگی کو سہارا دیا۔
سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ معاشی اشاریوں میں بہتری، مہنگائی میں کمی کے اشارے اور پالیسی سطح پر استحکام نے اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔ گزشتہ کاروباری روز ہنڈرڈ انڈیکس 188202 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے مقابلے میں آج نمایاں بہتری سامنے آئی۔
دوسری جانب زرمبادلہ کی مارکیٹ میں بھی استحکام کا رجحان برقرار ہے، انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں کوئی بڑی تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی اور ڈالر 279.82 روپے کی سطح پر مستحکم رہا۔
یہ بھی پڑھیں:مہنگائی میں اضافہ تھم گیا، شرح 6 فیصد تک رہنے کی توقع
معاشی ماہرین کے مطابق درآمدات اور برآمدات کے توازن، ترسیلاتِ زر میں بہتری اور آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق مثبت پیش رفت نے روپے کو سہارا دیا ہے۔
مالی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں اسٹاک مارکیٹ مزید مضبوط ہو سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا ہے کہ عالمی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ اور سیاسی صورتحال سرمایہ کاروں کے فیصلوں پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
مجموعی طور پر کاروباری حلقوں میں موجودہ صورتحال کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ سرمایہ کار محتاط امید کے ساتھ مارکیٹ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔