صرافہ بازار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 1500 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 5 لاکھ 30 ہزار 562 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1286 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 54 ہزار 871 روپے ہو گئی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق حالیہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں تیز رفتار اضافے کے بعد منافع خوری اور عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باعث مقامی سطح پر کمی دیکھنے میں آئی۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں مزید کمی ہوئی تو مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتیں مزید نیچے آ سکتی ہیں۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت میں 212 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ چاندی 11 ہزار 640 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ چاندی میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کیلئے یہ اضافہ خاص اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسٹامپ پیپر کی فیسوں میں ہوشربا اضافہ، سائلین پریشان
عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں فی اونس سونا 15 ڈالر سستا ہو کر 5082 ڈالر پر آ گیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں یہ کمی مقامی قیمتوں پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے۔
صرافہ مارکیٹ سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ متوقع ہے، جس کے باعث خریدار اور سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں۔