سونے کی فی تولہ قیمت 5 لاکھ سے تجاوز کرگئی
Gold price record
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) عالمی و مقامی سطح پر سونے کی قیمت نے نئی بلندیوں کو چھو کر تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

بدھ کے روز عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قیمت 4,800 ڈالر سے تجاوز کر گئی، جو اس وقت تک کا بلند ترین ریکارڈ ہے۔

اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 1.2 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور یہ 4,821 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔ کاروبار کے دوران سونے کی قیمت 4,843 ڈالر تک جا پہنچی، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ اسی طرح فروری میں ڈیلیوری کیلئے امریکی گولڈ فیوچرز بھی 1 فیصد اضافے کے بعد 4,813 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کر رہے تھے۔

مقامی صرافہ مارکیٹ میں ایک تولہ سونا 12 ہزار 700 روپے مہنگا ہوگیاجس کے بعد ایک تولہ سونا ملکی تاریخ میں پہلی بار 5 لاکھ روپے سے بھی تجاوز کرگیااورایک تولہ سونا 5 لاکھ 6 ہزار 362 روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا۔
دس گرام سونابھی 10 ہزار 888 روپے مہنگا ہوگیاجس کے بعد دس گرام سونا 4 لاکھ 34 ہزار 123 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی کمزوری نے بھی سونے کی طلب میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے، کیونکہ سرمایہ کار خطرات سے بچنے کیلئے سونے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

عالمی اقتصادی حالات میں غیر یقینی صورتحال اور مالیاتی مارکیٹ کی اتار چڑھاؤ نے سونے کو سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بنا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سٹاک مارکیٹ نے نیا سنگِ میل عبور کر لیا

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر سیاسی اور معاشی غیر یقینی صورتحال برقرار رہی، تو سونے کی قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ اس موقع پر سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ اور عالمی اقتصادی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کریں، تاکہ وہ بہتر منافع حاصل کر سکیں اور کسی بھی مالی نقصان سے بچ سکیں۔