کاروباری ہفتے کے تیسرے روز مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس سے سرمایہ کاروں میں اعتماد مزید مضبوط ہوا۔
کاروبار کے آغاز پر ہی خریداری کا رجحان غالب رہا اور چند ہی لمحوں میں ہنڈرڈ انڈیکس 700 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 89 ہزار 427 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں تیزی کا یہ سلسلہ بینکنگ، توانائی اور سیمنٹ سمیت مختلف اہم شعبوں میں خریداری کے باعث دیکھا گیا۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق معاشی اشاریوں میں بہتری، مہنگائی میں بتدریج کمی، شرح سود سے متعلق مثبت توقعات اور آئی ایم ایف پروگرام پر پیش رفت جیسے عوامل نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دی۔ اس کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں دلچسپی اور روپے کی قدر میں استحکام بھی مارکیٹ کیلئے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سونا عوام کی پہنچ سے مزید دور، آج بھی ہزاروں روپے مہنگا
خیال رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 88 ہزار 621 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، جس کے بعد آج کی تیزی نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش حصص میں بھرپور دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ معاشی استحکام برقرار رہا تو سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا یہ رجحان آئندہ دنوں میں بھی جاری رہ سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے سرمایہ کاروں کو محتاط حکمت عملی اپنانے اور مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔