حالیہ دنوں میں نمایاں اضافے اور پھر کمی کے بعد آج سونے کے نرخ جمود کا شکار دکھائی دیے، جس سے خریداروں اور سرمایہ کاروں میں ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے۔
ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 82 ہزار 462 روپے پر برقرار رہی، جبکہ 10 گرام سونا 4 لاکھ 13 ہزار 633 روپے میں فروخت ہوتا رہا۔ اسی طرح دیگر اقسام کے 10 گرام سونے کے بھاؤ بھی 3 لاکھ 79 ہزار 177 روپے پر مستحکم رہے۔
صرافہ بازاروں میں آج کسی نمایاں خرید و فروخت کا رجحان دیکھنے میں نہیں آیا اور کاروبار معمول کے مطابق جاری رہا۔
عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا، جہاں سونا 4601 ڈالر فی اونس پر برقرار رہا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی صورتحال، امریکی ڈالر کی قدر اور سود کی شرح سے متعلق غیر یقینی حالات کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے سونے کی قیمت میں استحکام دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نئے کرنسی نوٹوں کی گونج، پرانے نوٹ چلیں گے یا نہیں؟
یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی،جس کے تحت ملک بھر میں فی تولہ سونا 3700 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 82 ہزار 462 روپے کا ہو گیا تھا، جبکہ 10 گرام سونا 3172 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 13 ہزار 633 روپے پر آ گیا تھا۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونا 47 ڈالر کمی کے بعد 4601 ڈالر فی اونس پر پہنچا تھا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں عالمی مالیاتی پالیسیوں اور مارکیٹ رجحانات کے باعث سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔