پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی
Pakistan Stock Exchange surge
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے آخری دن زبردست تیزی دیکھی گئی ہے، جس سے سرمایہ کاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 2269 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ایک لاکھ 83 ہزار 726 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

معاشی ماہرین کے مطابق کاروبار کے دوران 100 انڈیکس ایک لاکھ 83 ہزار 981 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک بھی پہنچا، جبکہ نچلی سطح ایک لاکھ 82 ہزار 559 پوائنٹس رہی۔ یہ اتار چڑھاؤ مارکیٹ میں سرگرمی اور سرمایہ کاری کے رجحانات کو ظاہر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز 100 انڈیکس ایک لاکھ 81 ہزار 456 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے بعد آج کے کاروبار میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ، مثبت اقتصادی خبروں اور بعض اہم کمپنیوں کے منافع بخش اعلانات نے اسٹاک مارکیٹ کو سہارا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

تجارتی سرگرمی کے دوران بینکنگ، توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں خرید و فروخت دیکھی گئی، جس سے مجموعی انڈیکس پر مثبت اثر پڑا۔ سرمایہ کاروں کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں پی ایس ایکس میں مزید تیزی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

اقتصادی ماہرین نے تاجروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مارکیٹ کے موجودہ رحجانات کو مدنظر رکھتے ہوئے دانشمندانہ فیصلے کریں اور ممکنہ خطرات کو بھی پیش نظر رکھیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کی زبردست تیزی نے مارکیٹ کی بحالی کی امیدوں کو مزید تقویت دی ہے۔