حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ
عوام کی امیدوں پر پانی پھر گیا، وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیو ز)عوام کی امیدوں پر پانی پھر گیا، وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پٹرولیم ڈویژن نے وزیراعظم سے مشاورت کے بعد آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نئے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 257 روپے 08 پیسے فی لٹر برقرار رہے گی۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے خبر سامنے آئی تھی کہ پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لٹر کمی کا امکان ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 70 پیسے فی لٹر سستا ہو سکتا ہے، اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی ایک روپیہ 82 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 8 پیسے فی لٹر تک کمی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نئے کرنسی نوٹوں کی گونج، پرانے نوٹ چلیں گے یا نہیں؟

قیمتوں میں ممکنہ کمی کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ ، کسٹمز ڈیوٹی میں کمی اور کرنسی ریٹ میں اتار چڑھاؤ سے جوڑا جار ہا تھا ۔

خیال رہے کہ عالمی مارکیٹ میں 11 جنوری کو پٹرول کی قیمت 2.74 ڈالر فی بیرل کمی کے بعد 66.54 ڈالر فی بیرل تک آ گئی تھی، جس کا اثر مقامی قیمتوں پر بھی پڑنے کا امکان کیا جارہا تھا لیکن ایسا نہیں ہو سکا اور حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔