وزارت تجارت نے گاڑیوں کی درآمدی پالیسی میں ترامیم کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پرسنل بیگیج کے تحت گاڑیوں کی درآمد پر پابندی عائد کر دی گئی ، بیرون ممالک سے صرف رہائشی اسکیم اور تحفے کے تحت ہی گاڑی درآمد کی جاسکے گی ، درآمد کی جانے والی گاڑی ایک سال تک کسی اور کے نام پر منتقل نہیں کی جا سکے گی۔
وزارت تجارت کے جارہ کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گاڑیوں کی درآمد کے لیے مقررہ مدت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، گاڑیوں کی درآمد کی مدت 700 دن سے بڑھا کر 850 دن کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: گاڑیوں کی درآمد کے طریقہ کار میں ترامیم منظور
نوٹیفکیشن میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر کم سے کم حفاظتی اور ماحولیاتی معیارات کا اطلاق لازم قرار دیا گیا ہے۔
وزارت تجارت کی جانب سے اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ٹرانسفر آف ریذیڈنس سکیم کے تحت درآمد کی جانے والی گاڑیاں اسی ملک سے ہوں گی جہاں سمندر پار پاکستانی مقیم ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں ای سی سی نے گاڑیوں کی درآمد کے طریقۂ کار میں ترامیم کی منظوری دی تھی۔
اس کو بھی پڑھیں: استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد 40 فیصد اضافی ڈیوٹی عائد
ای سی سی اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ صرف ٹرانسفر آف ریذیڈنس اور گفٹ اسکیمز برقرار رکھی جائیں گی ، نئے فریم ورک کے تحت تجارتی درآمد کے حفاظتی اور ماحولیاتی معیارات ان اسکیمز پر بھی لاگو ہوں گے۔
اعلامیہ کے مطابق درآمد کی درمیانی مدت دو سے بڑھا کر تین سال کر دی جائے گی، درآمد شدہ گاڑیاں ایک سال تک انتقالِ ملکیت کے قابل نہیں ہوں گی۔