تفصیلات کے مطابق ٹریڈنگ کے ابتدائی لمحات میں ہی مارکیٹ میں 1000 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج کا ہنڈرڈ انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 83 ہزار 717 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھی گئی، جس نے مجموعی مارکیٹ کو سہارا دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 82 ہزار 569 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ آج کے سیشن میں تیزی کے باعث مارکیٹ نے ایک بار پھر مضبوط ریکوری کا مظاہرہ کیا، جسے ماہرین معاشی اشاریوں میں بہتری کی علامت قرار دے رہے ہیں۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ مثبت رجحان کی بڑی وجوہات میں معاشی استحکام کی توقعات، مہنگائی میں ممکنہ کمی، پالیسیوں میں تسلسل اور سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا اعتماد شامل ہے۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی منڈیوں میں بہتری اور مقامی سطح پر بہتر مالی نتائج کی امید نے بھی مارکیٹ کو تقویت دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہی رفتار برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں سٹاک مارکیٹ مزید بلند سطحیں بھی چھو سکتی ہے۔ سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ محتاط حکمت عملی کے ساتھ سرمایہ کاری کریں اور مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ پر گہری نظر رکھیں، تاہم مجموعی طور پر موجودہ صورتحال کو سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزا قرار دیا جا رہا ہے۔