تفصیلات کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر سستا ہو سکتا ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 82 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 8 پیسے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔
قیمتوں میں اس ممکنہ کمی کی بڑی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی، کسٹمز ڈیوٹی میں کمی اور کرنسی ریٹ میں اتار چڑھاؤ ہے۔ عالمی مارکیٹ میں 11 جنوری کو پٹرول کی قیمت 2.74 ڈالر فی بیرل کمی کے بعد 66.54 ڈالر فی بیرل تک آ گئی تھی، جس کا اثر مقامی قیمتوں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یکم جنوری 2026 کو بھی عوام کو بڑا ریلیف دیا گیا تھا، جب پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔ اگر تازہ تجاویز کی منظوری دے دی گئی تو یہ مسلسل چوتھی مرتبہ ہوگا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں کرنسی نوٹوں کے حوالے سے بڑی خبر
وزیراعظم کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن باضابطہ طور پر نئی قیمتوں کا اعلان کرے گا۔
اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں اسی سطح پر برقرار رہیں تو آئندہ دنوں میں مزید ریلیف کے امکانات بھی موجود ہیں، جس سے عوامی اعتماد میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں کو سہارا مل سکتا ہے۔