مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
Chicken price increase Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ملک بھر میں مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جس نے عام شہریوں، خاص طور پر غریب اور متوسط طبقے کیلئے بنیادی غذائی اشیاء خریدنا مشکل کر دیا ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق برائلر مرغی کا گوشت اب 595 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گیا ہے، جبکہ صاف گوشت کی قیمت 700 روپے فی کلوگرام کی ریکارڈ سطح عبور کر گئی۔

زندہ برائلر فارم کی قیمت 383 روپے، تھوک میں 397 روپے اور پرچون مارکیٹ میں 411 روپے مقرر کی گئی ہے۔

گوشت کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ فارمی انڈے بھی مہنگے ہو گئے ہیں، جو اب 320 روپے فی درجن کے حساب سے فروخت کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مرغی اور انڈے جیسی بنیادی غذائی اشیاء کی بڑھتی قیمتوں سے صارفین کے بجٹ پر شدید دباؤ پڑ رہا ہے،غریب اور متوسط طبقے کے افراد کی روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا، یہ صورتِ حال معاشرتی سطح پر بھی تشویش پیدا کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نیا سنگِ میل عبور کرلیا

دوسری جانب تاجر برادری کا کہنا ہے کہ خوراک کی قیمتوں میں یہ اضافہ پیداوار، خوراک کی سپلائی اور مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے لاگت کے باعث ہوا ہے۔

اگر یہ رجحان جاری رہا تو مستقبل میں عوام کیلئے مرغی اور انڈے جیسی بنیادی غذائی اشیاء کی دستیابی مزید مشکل ہو سکتی ہے، جس سے مہنگائی میں اضافے کا دائرہ وسیع ہو جائے گا۔