پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نیا سنگِ میل عبور کرلیا
Pakistan Stock Exchange record
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد نے ایک اور تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہا اور ٹریڈنگ کے آغاز کے ساتھ ہی 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 86 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر لی۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کاروبار کے دوران مارکیٹ میں 1700 سے زائد پوائنٹس کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ایک لاکھ 86 ہزار 768 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔

معاشی ماہرین کے مطابق یہ تیزی معاشی استحکام، مثبت مالیاتی پالیسیوں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا واضح ثبوت ہے۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ بینکنگ، توانائی اور سیمنٹ سیکٹرز میں بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی، جس نے مجموعی انڈیکس کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو مارکیٹ کیلئے خوش آئند اشارہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کی بجلی صارفین کیلئے میگا ریلیف کی تیاری

یاد رہے رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر بھی اسٹاک مارکیٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جب 100 انڈیکس 2653 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 85 ہزار 62 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا تھا۔ اس تسلسل کے ساتھ آنے والی تیزی نے سرمایہ کاروں کے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں اسٹاک مارکیٹ مزید ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔