الیکٹرک گاڑیوں کے شوقین افراد کیلئے جدید گاڑی متعارف
آڈی پاکستان نے الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں ایک اور اضافہ کرتے ہوئے اپنی نئی اور جدید الیکٹرک گاڑی آڈی کیو سکس ای ٹران باضابطہ طور پر متعارف کرا دی۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) آڈی پاکستان نے الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں ایک اور اضافہ کرتے ہوئے اپنی نئی اور جدید الیکٹرک گاڑی آڈی کیو سکس ای ٹران باضابطہ طور پر متعارف کرا دی۔

ای ٹران 50 اور ای ٹران جی ٹی کی کامیابی کے بعد یہ نئی گاڑی پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے ایک بڑی پیشکش سمجھی جا رہی ہے، آڈی کیو سکس ای ٹران کو طاقت، جدید ٹیکنالوجی اور پُرکشش ڈیزائن کا حسین امتزاج قرار دیا جا رہا ہے۔

اس گاڑی کی سب سے نمایاں خصوصیت دنیا کی پہلی ڈیجیٹل لائٹ سگنیچر ٹیکنالوجی ہے جس کے ذریعے صارفین گاڑی کی فرنٹ اور ریئر لائٹس کا ڈیزائن اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کر سکتے ہیں، یہ فیچر نہ صرف گاڑی کو منفرد شناخت دیتا ہے بلکہ جدید آٹوموٹیو ٹیکنالوجی کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوزوکی نے پاکستان میں نئی گاڑی فرونکس متعارف کرا دی

آڈی کیو سکس ای ٹران کا بیرونی ڈیزائن جدید اور اسپورٹی ہے جو دیکھنے والوں کو فوراً متوجہ کرتا ہے جبکہ گاڑی کا اندرونی حصہ بھی اعلیٰ معیار اور آرام دہ سہولیات سے بھرپور ہے، ڈیش بورڈ پر بڑی ڈیجیٹل اسکرینیں نصب کی گئی ہیں جو ڈرائیور اور مسافروں کو تمام ضروری معلومات فراہم کرتی ہیں۔

اینڈرائیڈ پر مبنی جدید انفوٹینمنٹ سسٹم گاڑی کے استعمال کو مزید آسان اور دلچسپ بناتا ہے، طویل سفر کو آرام دہ بنانے کے لیے نشستوں میں مساج فیچر بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس کو بھی پڑھیں: سال 2026 ہونڈا سی جی 125 کی نئی قیمت اور فیچرز کا اعلان

کارکردگی کے لحاظ سے آڈی کیو سکس ای ٹران میں 456 ہارس پاور کے ساتھ 225 کلو واٹ آور کی دو طاقتور بیٹریاں نصب ہیں جو ایک مکمل چارج پر 625 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، تیز رفتار چارجنگ ٹیکنالوجی کی بدولت یہ گاڑی صرف 21 منٹ میں 10 سے 80 فیصد تک چارج ہو سکتی ہے جو صارفین کے لیے بڑی سہولت ہے۔

حفاظتی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے گاڑی میں خودکار ایمرجنسی بریک، لین اسسٹ اور 360 ڈگری کیمرہ سسٹم جیسی جدید سہولیات بھی شامل کی گئی ہیں جو ڈرائیونگ کو محفوظ اور پُراعتماد بناتی ہیں، آڈی کیو سکس ای ٹران پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے مستقبل کی ایک واضح جھلک پیش کرتی ہے۔