سال 2026 ہونڈا CG 125 کی نئی قیمت اور فیچرز کا اعلان
Honda CG 125 2026 price
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں موٹر سائیکل صارفین کیلئے ایک بڑی خبر سامنے آ گئی ہے، جہاں ہونڈا نے اپنی مقبول ترین موٹر سائیکل CG 125 کا 2026 ماڈل متعارف کرا دیا۔

نئی قیمت کے مطابق ہونڈا CG 125 کا 2026 ماڈل 2 لاکھ 38 ہزار 900 روپے میں دستیاب ہے، قیمت میں اضافے کے باوجود یہ موٹر سائیکل اب بھی اپنی مضبوطی، قابلِ اعتماد کارکردگی اور آسان مینٹیننس کی وجہ سے صارفین کی پہلی پسند بنی ہوئی ہے۔

کمپنی کے مطابق 2025 اور 2026 کے ماڈلز میں کسی بڑی مکینیکل تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم موٹر سائیکل میں نئی گرافکس اور معمولی ظاہری بہتری ضرور شامل کی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی صارفین اسے ایک بڑی اپ گریڈ کے بجائے روایتی ماڈل کا تسلسل قرار دے رہے ہیں۔

انجن اور تکنیکی خصوصیات

ہونڈا CG 125 (2026) میں یورو II، 4-اسٹروک OHV، ایئر کولڈ انجن نصب ہے، جس کا بور اینڈ اسٹروک 56.5 x 49.5 ملی میٹر ہے۔ موٹر سائیکل میں 9.2 لیٹر فیول ٹینک دیا گیا ہے، جبکہ 2 لیٹر ریزرو کپیسٹی موجود ہے۔ اس کے ساتھ 4 اسپیڈ کانسٹنٹ میش گیئر باکس دیا گیا ہے جو ہموار رائیڈ میں مدد فراہم کرتا ہے۔

ڈائمینشنز اور آرام دہ رائیڈ

CG 125 کے ڈائمینشنز 1912 x 735 x 1026 ملی میٹر ہیں، جبکہ 132 ملی میٹر گراؤنڈ کلیئرنس پاکستانی سڑکوں کیلئے موزوں ہے۔ 764 ملی میٹر سیٹ ہائٹ عام قد کے افراد کیلئے آرام دہ ہے، جبکہ 1204 ملی میٹر وہیل بیس بہتر استحکام فراہم کرتا ہے۔

سسپنشن، ٹائر اور وزن

موٹر سائیکل کے اگلے حصے میں ٹیلی اسکوپک فورک (103 ملی میٹر ٹریول) اور پچھلے حصے میں سوئنگ آرم سسپنشن (68 ملی میٹر ٹریول) دیا گیا ہے۔ فرنٹ ٹائر 2.50 – 18 (4 PR) اور ریئر ٹائر 3.00 – 17 (6 PR) ہے۔ CG 125 کا ڈرائی ویٹ 100 کلوگرام ہے، جو توازن اور کنٹرول کو بہتر بناتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سال 2026، ہونڈا سی ڈی 70 کی نئی قیمتوں کا اعلان

فیچرز، ڈیزائن اور مینٹیننس

یہ موٹر سائیکل بدستور کک اسٹارٹ کے ساتھ آتی ہے اور اس میں رولر چین استعمال کی گئی ہے۔ ڈیزائن میں معمولی تبدیلیوں میں اونچی پلین سیٹ اور پچھلے انڈیکیٹرز کی پوزیشن میں ردوبدل شامل ہے، چونکہ اس کے اسپیئر پارٹس پورے پاکستان میں باآسانی دستیاب ہیں اور مکینکس اس کے سسٹم سے واقف ہیں، اس لیے اس کی مینٹیننس کم خرچ رہتی ہے۔

مائلیج اور مجموعی جائزہ

ہونڈا CG 125 45 کلومیٹر فی لیٹر تک کا فیول ایوریج فراہم کرتی ہے، جو روزمرہ استعمال اور طویل سفر دونوں کیلئے موزوں ہے۔ مجموعی طور پر قیمت میں اضافے کے باوجود CG 125 (2026) اب بھی پاکستان کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اور قابلِ اعتماد موٹر سائیکلوں میں شمار ہوتی ہے۔