چکن کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
Chicken prices hit record high
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں چکن کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے بعد گوشت ایک بار پھر مہنگا ہو کر ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت میں مزید 7 روپے فی کلو اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 591 روپے فی کلوگرام تک جا پہنچی ہے، جو اب تک کی بلند ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔

صافی برائلر گوشت کی قیمت 700 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کیلئے چکن خریدنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایک مکمل مرغی کی قیمت اب ایک ہزار روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جو گھریلو بجٹ پر براہِ راست اثر ڈال رہی ہے۔

زندہ برائلر مرغی کے فارم ریٹ 380 روپے فی کلو مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ تھوک میں اس کی قیمت 394 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ پرچون سطح پر زندہ مرغی 408 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے۔ قیمتوں میں اس اضافے کا اثر پورے سپلائی چین پر دیکھا جا رہا ہے، جس کا بوجھ آخرکار صارفین کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سی ڈی 70 کی نئی قیمتوں کا اعلان

دوسری جانب انڈوں کی قیمتیں بھی مسلسل بلند سطح پر برقرار ہیں، مارکیٹ میں انڈے 331 روپے فی درجن جبکہ ایک پیٹی کی قیمت 9 ہزار 810 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ چکن اور انڈے جیسی بنیادی غذائی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ان کیلئے شدید مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق فیڈ کی قیمتوں میں اضافہ، بجلی و گیس کے مہنگے نرخ، ٹرانسپورٹ اخراجات اور طلب میں اضافے جیسے عوامل چکن کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔