کاروباری ہفتے کے آغاز پر سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے باعث ہنڈریڈ انڈیکس میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس 1338 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 175,392 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جو اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ کی ایک اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں اس غیر معمولی تیزی کی بنیادی وجوہات میں معاشی استحکام کے آثار، پالیسیوں میں تسلسل اور سرمایہ کاروں کا مستقبل کے حوالے سے بڑھتا ہوا اعتماد شامل ہے۔ خاص طور پر بینکنگ، توانائی اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں خریداری کا رجحان نمایاں رہا، جس نے مجموعی انڈیکس کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں:نئے سال کا تحفہ، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات سستی کردیں
دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان برقرار رہا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق سال 2025 کے آخری کاروباری روز انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں 3 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ڈالر 280 روپے 12 پیسے پر بند ہوا۔
کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ 70 دنوں سے ڈالر کی قدر میں مسلسل معمولی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جو ملکی معیشت کیلئے ایک مثبت اشارہ ہے۔