یکم جنوری 2026 سے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ ہو گیا، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جنوری سے ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے 68 پیسے فی کلو گرام اضافہ کر دیا گیا، نرخوں میں اضافے کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 219 روپے 68 پیسے فی کلوگرام مقرر کردی گئی۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل کے بعد گھریلو گیس سلنڈر 126 روپے 9 پیسے مہنگا ہو گا ، جنوری میں ایل پی جی کے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 592 روپے ہو گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دسمبر میں گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 466 روپے مقرر تھی۔
یہ بھی پڑھیں: چینی کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان
دوسری جانب نئے سال کے موقع پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے 60 پیسے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پٹرول قیمت میں یکم جنوری سے 10 روپے 60 پیسےفی لٹر کمی کی تجویز ہے، اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 59 پیسے فی لٹر کمی کی تجویز زیر غور ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 62 پیسےفی لٹر کمی کی تجویز ہے۔