چینی کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان
شہر قائد میں چینی کی ایکس مل اور ہول سیل قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) شہر قائد میں چینی کی ایکس مل اور ہول سیل قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق کراچی میں چینی کی ایکس مل قیمت میں مزید 18 روپے اور ہول سیل قیمت میں 20 روپے فی کلو کمی ہو گئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ شہر قائد میں چینی کی ایکس مل قیمت 152 روپے سے کم ہو کر 134 روپے فی کلو جبکہ ہول سیل قیمت 20 روپے کم ہو کر 136 روپے فی کلو ہو گئی۔

ہول سیلرز کا کہنا ہے کہ ریٹیل کی سطح پر چینی تاحال 145 سے 150روپے فی کلو پر فروخت ہو رہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کمشنر کراچی نے شہر میں چینی کی نئی سرکاری قیمتیں مقرر کر تے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق شہرقائد میں چینی کی ہول سیل قیمت 140 روپے فی کلو جبکہ پرچون قیمت 143 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: چینی کی نئی سرکاری قیمتوں کا اعلان، نئی قیمت کیا؟

نوٹیفکیشن میں تمام دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں تاکہ صارفین کو قیمتوں کی واضح معلومات دستیاب ہوں۔

کمشنر کراچی نےمتنبہ کیا کہ زائد قیمت پر چینی فروخت کرنے والے دکانداروں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے گی تاکہ عام شہریوں کو مناسب نرخوں پر چینی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

سرکاری حکام کی جانب سےکہا گیا کہ یہ اقدام شہریوں کو مہنگائی سے بچانے اور مارکیٹ میں نرخوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے اٹھایا گیا ہے، کراچی میں چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے متعلقہ ٹیمیں ریگولر چیکنگ کریں گی اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔