کنٹریکٹ ڈاکٹرز کی تعیناتیاں ختم کرنے کا اعلان
Balochistan doctors recruitment
فائل فوٹو
کوئٹہ:(ویب ڈیسک) بلوچستان حکومت نے محکمہ صحت میں بھرتیوں کا طریقہ کار بدلتے ہوئے کنٹریکٹ اور ایڈہاک بنیادوں پر تعیناتیوں کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔

حکومت بلوچستان نے صحت کے شعبے میں ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے کنٹریکٹ اور ایڈہاک تعیناتیوں پر پابندی عائد کر دی ہے، اب ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی بھرتیاں بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مستقل بنیادوں پر کی جائیں گی۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسسٹنٹ پروفیسرز، سینئر رجسٹرارز اور اسپیشلسٹس کی کنٹریکٹ ملازمتیں ختم کردی جائے گی، اس فیصلے کے تحت گریڈ 16 اور 17 کی مجموعی طور پر 1003 خالی آسامیوں پر مستقل تعیناتی کے لیے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو باضابطہ درخواست ارسال کر دی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق خالی آسامیوں میں 560 میڈیکل افسران، 346 لیڈی میڈیکل افسران اور 97 ڈینٹل سرجن شامل ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے صوبے میں صحت کی سہولیات کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں منکی پاکس کے مزید دو کیسز کا اندراج

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے راہنماؤں نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقل بھرتیوں سے طبی عملے میں اطمینان بڑھے گا اور مریضوں کو بہتر اور تسلسل کے ساتھ علاج کی سہولت میسر آئے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے تحت مستقل تعیناتیوں کے بعد کنٹریکٹ بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین کی خدمات ختم کر دی جائیں گی، تاہم ان ملازمین کی ہمدردانہ ایڈجسٹمنٹ پر بھی غور کیا جائے گا۔