لاہور میں منکی پاکس کے مزید دو نئے مریض سامنے آئے ہیں جو کہ میو ہسپتال میں زیر علاج ہیں، دونوں مریضوں کے لیب ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد منکی پاکس کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق متاثرہ افراد میں 40 سالہ خاتون اور 45 سالہ مرد شامل ہیں جو اس وقت طبی نگرانی میں ہیں اور انکا علاج جاری ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں مریضوں کی کوئی بیرون ملک یا اندرون سفر کی ہسٹری موجود نہیں ہے جس سے مقامی سطح پر وائرس کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شدید دھند، گاڑیوں کی ٹکریں، 2 بھائیوں سمیت 7 جاں بحق
محکمہ صحت کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد لاہور میں منکی پاکس کے مجموعی مریضوں کی تعداد 17 ہوچکی ہے، طبی ماہرین صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کسی بھی مشتبہ علامات کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔