شاہ رخ خان کا پاکستان سے جذباتی وابستگی کا اظہار
Shah Rukh Khan
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان نے پاکستان سے اپنی جذباتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ ایک دن اپنے بچوں کو پشاور میں اپنا آبائی علاقہ دکھائیں گے۔

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے پاکستان آنے کی خواہش کا ایک بار پھر اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور اور سوات انکی زندگی کی خوبصورت یادوں کا حصہ ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ایک دن اپنے بچوں کو بھی ان مقامات سے روشناس کرائیں۔

یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کی ایک پرانی ویڈیو میں سامنے آئی جو ان دنوں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، ویڈیو میں ایک تقریب کے دوران حنا ربانی کھر شاہ رخ کو پاکستان آنے کی دعوت دیتی ہے اور کہتی ہے کہ وہ پاکستان میں بھی بے حد مقبول ہیں۔

اس پر شاہ رخ خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انکے خاندان کا تعلق پشاور کے قصہ خوانی بازار سے رہا ہے اور انکے اہل خانہ کا ایک حصہ اب بھی وہیں مقیم ہے، انہوں نے کہا بتایا کہ وہ پہلی بار پندرہ سال کی عمر میں اپنے والد کے ساتھ پشاور آئے تھے اور اگلے برس دوبارہ بھی وہاں گئے، تاہم اسکے بعد والد کا انتقال ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: سسپنس اور سماجی کہانیاں، 2025 کے وہ ڈرامے جو ریٹنگ میں بازی لے گئے

شاہ رخ خان کے مطابق اپنے والد کے ساتھ جو سب سے زیادہ خوبصورت وقت انہوں نے گزارا وہ پشاور اور سوات میں  گزارا تھا، انہوں نے مزید بتایا کہ اگرچہ وہ لاہور اور کراچی سمیت کئی شہروں میں گئے ہیں مگر پشاور کی یادیں دل کے قریب ہیں۔

سابق وزیر خارجہ کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت پر اداکار نے کہا کہ وہ ضرور آنا چاہیں گے اور انکی خواہش ہے کہ اپنے بچوں کو اپنے آبائی علاقے دکھائیں تاکہ وہ اپنی جڑوں سے واقف ہو سکیں۔

 واضح رہے کہ پشاور کا تاریخی قصہ خوانی بازار اپنی روایتی ثقافت، قدیمی قہوہ خانے، تکہ اور چپلی کباب، خشک میوہ جات اور دلچسپ داستانوں کے باعث دنیا بھر میں ایک منفرد شناخت رکھتا ہے جس سے شاہ رخ خان کی وابستگی برسوں بعد بھی قائم ہے۔