جرمنی : کرسمس تعطیلات کے دوران تاریخ کی انوکھی بینک ڈکیتی
جرمنی میں کرسمس کی چھٹیوں کے دوران تاریخ کی انوکھی بینک ڈکیتی نے سکیورٹی نظام پر کئی سوالات کھڑے کر دیے۔
فائل فوٹو
برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی میں کرسمس کی چھٹیوں کے دوران تاریخ کی انوکھی بینک ڈکیتی نے سکیورٹی نظام پر کئی سوالات کھڑے کر دیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جرمنی کے مغربی شہر گیلسن کرچن میں واقع ایک معروف بینک، اسپارکاس کی برانچ میں پیش آیا جہاں ملزمان نے کرسمس کی طویل تعطیلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بینک کے اندر سے تقریباً ایک کروڑ یورو نقد رقم لوٹ لی جبکہ دیگر قیمتی اشیاء بھی اپنے ساتھ لے اڑے۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ چور بینک کی بیرونی دیوار میں شگاف ڈال کر اندر داخل ہو ئے، یہ واردات کئی گھنٹوں پر محیط رہی، تاہم جدید سکیورٹی نظام ہونے کے باوجود چور کسی رکاوٹ کے بغیر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چوری کا انکشاف اس وقت ہوا جب بینک میں نصب فائر الارم اچانک فعال ہو گیا، الارم بجنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی تاہم تب تک ملزمان موقع سے جا چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی جانے والے پاکستانیوں کیلئے رستہ کھل گیا

اگلے روز جب بینک صارفین کو اس بڑے مالی نقصان کا علم ہوا تو بینک کے باہر لوگ بڑی تعداد جمع ہو گئے، متاثرہ صارفین نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور بینک انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ ہفتے کی رات قریبی پارکنگ گیراج کے پاس کچھ افراد کو بڑے بڑے بیگ اٹھائے جاتے دیکھا گیا تھا، شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہی افراد واردات میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔

حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس سنگین واردات میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔