جرمن قونصل خانے کے مطابق یہ نیا نظام ویزا کے عمل کو تیز، مؤثر اور مکمل شفاف بنانے کیلئے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ درخواست دہندگان کو بار بار اپائنٹمنٹ کے حصول اور طویل انتظار کی مشکلات سے نجات مل سکے۔
جرمن حکام کے مطابق نئے آن لائن پورٹل کے ذریعے ویزا پروسیسنگ میں ہونے والی تاخیر میں واضح کمی آئے گی، جبکہ درخواستوں پر فیصلے پہلے سے کہیں زیادہ تیزی سے ممکن ہوں گے۔ ماضی میں یہ دیکھا گیا تھا کہ ویزا اپائنٹمنٹ کیلئے طویل ویٹنگ لسٹ بن جاتی تھی، جس کے باعث کئی امیدواروں کو مہینوں انتظار کرنا پڑتا تھا، اس مسئلے کو ختم کرنے کیلئے تمام موجودہ ویٹنگ لسٹس کو بند کر دیا گیا ہے اور جلد ہی ڈیلیٹ بھی کر دیا جائے گا۔
نئے سسٹم کے تحت درخواست دہندگان اب براہِ راست آن لائن اپنے ڈاکیومنٹس جمع کروا سکیں گے، جس سے نہ صرف سفارتی عملے کا بوجھ کم ہوگا بلکہ درخواست گزار بھی اپنی درخواست کی پیش رفت مسلسل مانیٹر کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا کا پاکستانی ویزا درخواست گزاروں کے سوشل میڈیا کا جائزہ لازمی قرار
جرمن قونصل خانے کی جانب سے واضح کیا گیا کہ جن افراد کے پاس پہلے سے اپائنٹمنٹ موجود ہے، وہ اپنی طے شدہ تاریخ پر پرانے نظام کے مطابق ہی حاضر ہوں، تاکہ ان کی درخواست متاثر نہ ہو۔
دیگر تمام نئے امیدواروں کیلئے ہدایت ہے کہ وہ اپنی ویزا درخواست کونسلر سروسز پورٹل کے ذریعے شروع کریں، آن لائن درخواستیں جمع کروانے کا آغاز 12 دسمبر 2025 سے ہو رہا ہے۔
طالب علمی ویزا کے خواہشمند درخواست دہندگان اپنی درخواست جمع کروانے کیلئے
▶ digital.diplo.de/studium
کا استعمال کر سکتے ہیں۔
جبکہ ملازمت، تربیت، جاب سیکر اور دیگر طویل مدتی ویزا کی درخواستیں یہاں جمع ہوں گی:
▶ digital.diplo.de/visa-ewt