نئے سال کا تحفہ، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات سستی کردیں
حکومت نے نئے سال پر عوام کو تحفہ دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) حکومت نے نئے سال پر عوام کو تحفہ دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

پٹرولیم ڈویژن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے فی لٹر کمی کر دی گئی جبکہ ڈیزل 8 روپے 57 پیسے فی لٹر سستا کر دیا گیا۔

پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 257 روپے 8 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان

نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے یعنی یکم جنوری 2026 سے آئندہ 15 روز کے لیے ہو گا۔

عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت 75 ڈالر 5 سینٹ سے کم ہو کر 69 ڈالر 73 سینٹ فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے، عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی فی بیرل قیمت میں 5 ڈالر 32 سینٹ کی کمی واقع ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یکم جنوری سے ایل پی جی مہنگی، نوٹیفکیشن جاری

رپورٹ کے مطابق ملکی سطح پر پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 11 روپے فی لٹر کمی کے بعد 145 روپے 66 پیسے فی لٹر ہو گئی ، رواں ماہ کے وسط یعنی 15 دسمبر کو پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 156روپے66 پیسے فی لٹر تھی۔

اسی طرح عالمی منڈی میں ڈیزل کی قیمت میں بھی 4 ڈالر 35 سینٹ فی بیرل کی کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں ڈیزل کی فی بیرل قیمت 84 ڈالر27 سینٹ سے کم ہو کر 79 ڈالر 92 سینٹ کی سطح ریکارڈ کی گئی ہے۔

ملکی سطح ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں 9 روپے 57 پیسے کی کمی آئی ہے، قیمت میں کمی سے ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 164روپے 92 پیسے سے کم ہو کر 155روپے 35 پیسے کی سطح پر آ گئی ہے۔