تاجر برادری کا ایف بی آر ہیڈ آفس کے گھیراؤ کا اعلان
تاجر برادری نے 30 دسمبر کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ہیڈآفس کے گھیراؤ کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز ) تاجر برادری نے 30 دسمبر کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ہیڈآفس کے گھیراؤ کا اعلان کردیا۔

ایف بی آر کی جانب سے زبردستی پوائنٹ آف سیلز ڈیوائسز لگانے کے خلاف آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ مزاحمت کا اعلان کردیا۔

صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا تاجر مسائل میں گھرا ہوا ہے، ایف بی آر کے افسران پوائنٹ آف سیلز ڈیوائس کے نام پر پورا دن کرپشن کرتے ہیں، تاجر پڑھے لکھے نہیں ہیں، پی او ایس ڈیوائسز نہیں چلا سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ سے اچھی خبر

ان کا کہنا تھا کہ ہم پڑھے لکھے ہوتے تو ہمارا وزیر خزانہ بیرون ملک سے نہ آتا، کاروبار پر تاجروں کا اپنا سرمایہ لگا ہے سرکار کا نہیں، ملک کے تاجر اربوں روپے کا ٹیکس دیتے ہیں، ہم اب خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔

اجمل بلوچ نے 30 دسمبر کو ایف بی آر ہیڈ آفس کے گھیراؤ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب کسی ایف بی آر اہلکار کو پی او ایس نہیں لگانے دیں گے، تاجروں کو بیس 20 لاکھ کے نوٹس بھیج کر سودے بازی کی جاتی ہے، 5 لاکھ روپے سرکار کو دے کر 15 لاکھ ایف بی آر والے کھا جاتے ہیں۔