شہریوں سے صفائی کا بل لینے کیلئے نیا طریقہ کار طے
پنجاب حکومت نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گھروں سے کوڑا اٹھانے اور صفائی کی مد میں ٹیکس وصول کرنے کا طریقہ کار طے کر لیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومت نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گھروں سے کوڑا اٹھانے اور صفائی کی مد میں ٹیکس وصول کرنے کا طریقہ کار طے کر لیا۔

نئے طریقہ کار کے مطابق صاف ستھرا پنجاب صفائی بل اب محکمہ ایکسائز وصول کرے گا، شہریوں کو 6 ماہ تک ماہانہ جبکہ جون 2026 سے سالانہ بل دینا ہو گا، جنوری 2026 سے ایکسائز ابتدائی طور پر ماہانہ بل وصول کرے گا جبکہ جون 2026 سے بل ماہانہ کی بجائے سالانہ وصول کیا جائے گا۔

3 مرلہ کے گھروں پر کوڑا ٹیکس عائد نہیں ہو گا ، 5 مرلے سے 2 کنال والا گھریلو صارف 300 سے 2 ہزار روپے صفائی بل دے گا جبکہ کمرشل کیلئے اربن ریٹ 500 روپے سے 2 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

پروگرام کے تحت دیہی گھریلو صارف کو بھی 200 سے 400 روپے صفائی بل دینا ہو گا جبکہ دیہی کمرشل صارف 300 سے ایک ہزار روپے تک صفائی بل دے گا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں کوڑا کرکٹ پھیلانےوالوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، حکومت نے عوامی مقامات پر کوڑا جلانے یا پھینکنے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کیا ہے، یکم جنوری سے خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں اور قید کی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کوڑا کرکٹ پھیلانے پر بھاری جرمانے اور قید کا اعلان

نئے اقدامات کے تحت کوڑا جلانے پر پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ اور تین سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے، ٹائروں کو جلانے کی صورت میں سزائیں مزید سخت ہوں گی جس پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ اور سات سال تک قید کی سزا دی جا سکے گی۔

پنجاب حکومت نے مختلف اقسام کی گندگی پھیلانے پر الگ الگ جرمانے بھی مقرر کیے ہیں، گھر، دکان یا فیکٹری کے باہر کوڑا پھینکنے پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد ہو گا۔

اسی طرح گلی یا محلے کے نالوں میں کوڑا ڈالنے پر10 ہزار روپے جرمانہ جبکہ جانوروں کی آلائشیں یا باقیات پھینکنے پر50 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔