کوڑا کرکٹ پھیلانے پر بھاری جرمانے اور قید کا اعلان
Punjab Anti-Littering Law
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں کوڑا کرکٹ پھیلانے کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوامی صحت کو بہتر بنانا، ماحول کا تحفظ کرنا اور شہروں و قصبوں کو صاف رکھنا ہے۔

پنجاب بھر میں اینٹی لِٹرنگ مہم کے آغاز کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں جہاں حکومت نے عوامی مقامات پر کوڑا جلانے یا پھینکنے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کیا ہے، یکم جنوری سے خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں اور قید کی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

نئے اقدامات کے تحت کوڑا جلانے پر پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ اور تین سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے،
ٹائروں کو جلانے کی صورت میں سزائیں مزید سخت ہوں گی جس پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ اور سات سال تک قید کی سزا دی جا سکے گی۔

حکام کے مطابق مجموعی سزا کے نظام کے تحت خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق50 ہزار سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ اور3 سے 7 سال تک قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔

پنجاب حکومت نے مختلف اقسام کی گندگی پھیلانے پر الگ الگ جرمانے بھی مقرر کیے ہیں، گھر، دکان یا فیکٹری کے باہر کوڑا پھینکنے پر25 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فین ری پلیسمنٹ پروگرام کے معیار میں تبدیلی کی منظوری

اسی طرح گلی یا محلے کے نالوں میں کوڑا ڈالنے پر10 ہزار روپے جرمانہ جبکہ جانوروں کی آلائشیں یا باقیات پھینکنے پر50 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔

موثرعملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب اتھارٹی برائے ستھرا پنجاب نے خصوصی نفاذی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، یہ ٹیمیں گلیوں، محلوں، تجارتی علاقوں اور صنعتی زونز کی نگرانی کریں گی تاکہ نئے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور ذمہ دارانہ طریقے سے کوڑا تلف کریں تاکہ جرمانوں سے بچا جا سکے اور صوبے بھر میں ماحولیاتی حالات بہتر بنائے جا سکیں۔