جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پشاور کی مارکیٹوں میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 10 روپے کی کمی کی گئی، جس کے بعد زندہ مرغی کی قیمت 385 روپے سے کم ہو کر 375 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
سرکاری نرخنامے کے مطابق نئی قیمت کا اطلاق بھی کر دیا گیا ، جس کے بعد مرغی کے گوشت کی قیمت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ سپلائی میں بہتری اور طلب میں کمی کے باعث مرغی کی قیمتوں میں یہ کمی ممکن ہو سکی ہے۔
ذہن نشین رہے کہ گزشتہ ہفتے برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں فی کلو 29 روپے اضافہ ہوا، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں کمی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
حالیہ کمی کے باوجود صارفین کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت اب بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر محسوس ہوتا ہے، قیمتوں میں مزید کمی کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ برقرار ہے، ایک پیٹی انڈوں کی قیمت میں 30 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈوں کی ایک پیٹی کی قیمت 10 ہزار 500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
انڈہ فروشوں کے مطابق سرد موسم، پیداواری لاگت میں اضافہ اور سپلائی میں کمی انڈوں کی قیمت بڑھنے کی اہم وجوہات ہیں۔