اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق نومبر کے مہینے میں گاڑیوں کی خریداری کیلئے بینکوں نے مجموعی طور پر 318 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کیے، جو گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں 35.5 فیصد زیادہ ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال نومبر 2024 میں گاڑیوں کی خریداری کیلئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضوں کا مجموعی حجم 235 ارب روپے تھا، جبکہ رواں سال اسی مدت میں یہ رقم نمایاں حد تک بڑھ گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق آٹو فنانسنگ میں یہ اضافہ شرح سود میں استحکام، صارفین کے بڑھتے اعتماد اور گاڑیوں کی دستیابی میں بہتری کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملازمین کی تنخواہوں، ہاؤس رینٹ اور پنشن میں اضافہ
رپورٹس کے مطابق ماہانہ بنیاد پر بھی آٹو فنانسنگ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اکتوبر کے مقابلے میں نومبر کے دوران گاڑیوں کی خریداری کیلئے فراہم کردہ قرضہ جات میں 0.8 فیصد اضافہ ہوا، اکتوبر میں بینکوں کی جانب سے 315 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے گئے تھے، جو نومبر میں بڑھ کر 318 ارب روپے ہو گئے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بینکوں کی جانب سے گاڑیوں کے قرضوں میں اضافہ آٹو انڈسٹری کیلئے مثبت اشارہ ہے، جس سے نہ صرف گاڑیوں کی فروخت میں بہتری آئے گی بلکہ متعلقہ شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔