ملازمین کی تنخواہوں، ہاؤس رینٹ اور پنشن میں اضافہ
ETPB employees salary hike
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) قمر الزمان نے اپنے محکمے کے ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے تنخواہوں، ہاؤس رینٹ اور پنشن میں اضافے کی منظوری دے دی۔

یہ اقدام بجٹ 2025-26 کے نوٹیفکیشن کے مطابق عمل میں آیا ، جس کا مقصد ملازمین کو مالی ریلیف فراہم کرنا اور ان کے جائز حقوق کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہے۔

ای ٹی پی بی کے ملازمین نے چیئرمین قمر الزمان اور اعلیٰ افسران کا استقبال انتہائی جوش و خروش سے کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا خیرمقدم کیا۔

ملازمین نے اس اقدام پر اپنی خوشی اور شکریہ کا اظہار کیا، جبکہ چیئرمین نے بھی کہا کہ ملازمین کے جائز مطالبات کو ہمیشہ ترجیح دی جائے گی اور ان کے حقوق کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔

اس موقع پر چیئرمین نے ہیڈ آفس میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور پانی کے معیار کی جانچ کی، انہوں نے صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے لیبارٹری ٹیسٹ کروانے کے احکامات بھی جاری کیے۔

یہ بھی پڑھیں:سٹاک مارکیٹ میں کیا رجحان رہا؟ جانیے

دوسری جانب اس موقعہ پر ملازمین کا کہنا تھا کہ تنخواہوں اور پنشن میں یہ اضافہ نہ صرف مالی دباؤ کو کم کرے گا بلکہ محکمے میں کارکردگی اور حوصلہ افزائی میں بھی اضافہ کرے گا۔

اس اقدام کو ای ٹی پی بی کی طرف سے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں بھی محکمہ میں بہتر ماحول کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوگا۔