سٹاک مارکیٹ میں کیا رجحان رہا؟ جانیے
Pakistan stock market surge
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی زبردست تیزی اور استحکام کا رجحان برقرار رہا، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔

جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں بھرپور تیزی دیکھنے میں آئی اور پہلا سیشن شروع ہوتے ہی 100 انڈیکس میں 1245 پوائنٹس کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 71 ہزار 559 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا دکھائی دیا۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں یہ تیزی مثبت معاشی اشاریوں، سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد اور مستقبل کے حوالے سے بہتر توقعات کا نتیجہ ہے۔

ذہن نشین رہے کہ گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب رہا، کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 70 ہزار 314 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جو موجودہ تیزی کی مضبوط بنیاد کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت قرض لینے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

دوسری جانب زرمبادلہ کی مارکیٹ سے بھی خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، جہاں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق روپے کے مقابلے میں ڈالر 7 پیسے سستا ہوا، جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 280 روپے 20 پیسے ہو گئی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی اور ڈالر کی قدر میں کمی ملکی معیشت کیلئے مثبت اشارے ہیں، اگر یہی رجحان برقرار رہا تو نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ روپے کی قدر میں مزید استحکام آنے کا بھی امکان ہے۔