استعمال شدہ گاڑیوں کے امپورٹ قوانین مزید سخت کرنیکا فیصلہ
استعمال شدہ گاڑیاں
استعمال شدہ گاڑیوں کی امپورٹ سے متعلق سکیموں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی امپورٹ سے متعلق سکیموں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں پرسنل بیگیج، گفٹ سکیم اور دیگر امپورٹ طریقہ کار کی جانچ پڑتال مزید سخت بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں پرسنل بیگیج اور گفٹ سکیم کے تحت گاڑیوں کی امپورٹ سے متعلق اہم فیصلہ آج متوقع ہے۔ ای سی سی نے 24 اکتوبر کو اس سمری پر مزید غور کی ہدایت کی تھی تاہم آج اس کی منظوری دئیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا فارچونر کی قیمتوں میں حیرت انگیز کمی

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرسنل بیگیج اور گفٹ سکیم کے تحت گاڑیاں منگوانے کے قوانین اور ضابطہ کار مزید سخت کیے جائیں گے اور ان سکیموں کے غلط استعمال کو مؤثر طور پر روکا جائے گا۔ ٹرانسفر آف ریذیڈنس کے تحت گاڑیوں کی امپورٹ کی بھی سخت جانچ پڑتال کی جائے گی۔

نئی امپورٹ پالیسی میں وفاقی حکومت غیر معیاری استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کی حوصلہ شکنی کرے گی۔ آج ای سی سی اجلاس میں وزارتِ تجارت کی سمری پیش کی جائے گی جس کی منظوری کا قوی امکان ہے۔