کراچی میں دودھ کی قیمتوں سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری
کمشنر کراچی نے دودھ کے قیمتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) کمشنر کراچی نے دودھ کے قیمتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دودھ فروشوں کے مطالبے پر کمشنر کراچی نے قیمتوں کے حوالے سے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں ریٹیلرز کے لیے دودھ کی قیمت 220روپے فی لٹر برقرار رکھی گئی ہے جبکہ ڈیری فارمرز کے لیے دودھ کی قیمت میں 5روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیری فارمرز کے لیے فی لٹر دودھ کی قیمت 200 روپے ہو گی، ہول سیل میں 3 روپے اضافے کے بعد فی لٹر دودھ کی قیمت 208روپے مقرر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ آخری مرتبہ کمشنر کراچی کی جانب سے دودھ کی قیمت 13جون 2024 کو مقرر کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیری فارمرز کا دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ

یاد رہے کہ رواں برس ستمبر میں ڈیری فارمرز نے کراچی میں دودھ کے نرخوں میں فوری طور پر 50 روپے فی لٹر اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔

ڈیری فارمر ز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے دودھ کی قیمتوں میں فوری طور پر اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دودھ کی فی لٹر قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ناگزیر ہے۔

بعدازاں کمشنر کراچی سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد ڈیری فارمرز نے خود ہی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا تھا، ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ دودھ کی پیداواری لاگت 271 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے، تمام اخراجات شامل کر کے صارفین کو دودھ 300 روپے فی لٹر ملے گا ۔