ڈیری فارمرز کا دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ
 صوبائی دارالحکومت کراچی میں ڈیری فارمرز نے دودھ کے نرخوں میں فوری طور پر 50 روپے فی کلو اضافے کا مطالبہ کر دیا۔
فائل فوٹو
کراچی : (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کراچی میں ڈیری فارمرز نے دودھ کے نرخوں میں فوری طور پر 50 روپے فی کلو اضافے کا مطالبہ کر دیا۔

ڈیری فارمز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کےکراچی کے ڈیری فارمرز شدید متاثر ہوئے ہیں۔

ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شہر کی مختلف گوالہ کالونیوں میں 10لاکھ سے زائد جانور موجود ہیں، کراچی کی اس انڈسٹری سے روزانہ شہر بھر میں 50 لاکھ لٹر دودھ فراہم کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیری فارمز انڈسٹری میں ہر چیز کے نرخوں میں تقریباً 30فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے، اگر روزبروز اسی طرح قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا تو جانوروں کے بھوکے مرنےکا خدشہ ہے، کراچی میں ڈیری فارمرز کو دودھ کی مد میں روزانہ کی بنیاد پر 30 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

ڈیری فارمر ز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے دودھ کی قیمتوں میں فوری طور پر اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دودھ کی فی لٹر قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ناگزیر ہے۔

ڈیری فارمرز نے یکم اکتوبر تک دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کی صورت میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لاہورمیں بھی ڈیری فارمرز کی جانب سے دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا ۔