 
                                پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کا اختتام مثبت زون ہوا، پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 4 ہزار 900 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 100 انڈیکس ایک لاکھ 61ہزار 632 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دن بھر کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، ٹریڈنگ کے دوران مجموعی طور پر پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 5ہزار 461 پوائنٹس کی تیزی بھی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز 95 کروڑ 28 لاکھ حصص کی تجارت ہوئی جبکہ کاروباری سودے 42 ارب 26 کروڑ روپے میں طے پائے، مارکیٹ میں شیئرز کے لین دین کی 4لاکھ 8 ہزار ٹرانزیکشنز ہوئیں۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی معاشی اقدامات، سرمایہ کاروں کے مثبت رجحان اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری نے مارکیٹ میں تیزی پیدا کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شاندار تیزی، ڈالر معمولی سستا
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر انڈیکس میں 1 ہزار 732 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی، جس کے بعد مارکیٹ ایک لاکھ 56 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے آگئی تھی، تاہم آج سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بحالی کے باعث مارکیٹ نے زبردست ریکوری کی۔
دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈالر 2 پیسے سستا ہوکر 280 روپے 90 پیسے کا ہوگیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے آغاز پر بھی ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی تھی جبکہ اختتام پر معمولی اضافہ دیکھا گیا تھا۔
 
                                                 
                         
                        