کراچی: ٹماٹر کے دام بے لگام، شہری پریشان
 شہر قائد میں ٹماٹر کی قیمت 500 روپے فی کلو سے بھی تجاوز کرگئی۔
فائل فوٹو
کراچی : (سنو نیوز) شہر قائد میں ٹماٹر کی قیمت 500 روپے فی کلو سے بھی تجاوز کرگئی۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق کراچی میں مرغی کا گوشت 450 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے جبکہ گلی محلوں اور عام بازاروں میں ٹماٹر 450 سے 550 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے، افغانستان سے ٹماٹر کی درآمد بند ہونے سے قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

رپورٹ کے مطابق کراچی میں ٹماٹر کی 90 فیصد طلب ایرانی ٹماٹر سے پوری کی جارہی ہے جبکہ پنجاب سے سپلائی محدود اور سندھ کے ٹماٹر کی آمد کا انتظار کیا جارہا ہے۔

کراچی میں ٹماٹر کے سرکاری نرخ 280 روپے فی کلو مقرر ہے لیکن عام بازاروں میں دکانداروں نے سرکاری احکامات کو ہوا میں اڑا دیا، شہر قائد میں ٹماٹر من چاہیے نرخوں پر فروخت ہو رہا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کا جن پھر بے قابو، 24 اشیائے ضروریہ مہنگی

بچت بازاروں میں بھی دکانداروں نے سرکاری نرخ پر ٹماٹر فروخت کرنے سے انکار کر دیا،دکانداروں کا کہنا ہے کہ سرکاری قیمت پر منڈی میں بھی ٹماٹر فروخت نہیں ہورہا، منڈی سے مہنگا ٹماٹر لا کر سستا فروخت نہیں کر سکتے،انتظامیہ پہلے منڈی میں جاکر سرکاری نرخنامے کا اطلاق کروائے۔

دوسری جانب بچت بازار انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر دکاندار سرکاری نرخ پر عمل نہیں کر سکتے تو فروخت کی اجازت نہیں۔