
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں ہی ہنڈرڈ انڈیکس میں 739 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 56 ہزار 827 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دکھائی دیا۔ سرمایہ کاروں کے پرجوش رویے نے مارکیٹ کے مثبت رحجان کو مزید تقویت دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ ساز دن رہا، جب انڈیکس میں 1810 پوائنٹس کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مارکیٹ 156087 پوائنٹس پر بند ہوئی، کاروبار کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 156199 پوائنٹس تک گئی تھی۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھنے کی بڑی وجہ ملکی معاشی پالیسیوں میں بہتری کی توقعات اور مثبت کاروباری ماحول ہے۔
دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹربینک میں کاروبار کے دوران ڈالر 10 پیسے سستا ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 281 روپے 52 پیسے رہی۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کی وجہ سامنے آگئی
خیال رہے کہ روپے کی قدر میں استحکام معیشت کیلئے مثبت اشارہ ہے اور اگر یہ تسلسل برقرار رہا تو درآمدی اخراجات میں بھی کمی واقع ہوسکتی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل بہتری اور روپے کی قدر میں معمولی اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، جو آنے والے دنوں میں ملکی معیشت کیلئے بہتر نتائج دے سکتا ہے۔