پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم
Stock Market Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری دن ایک اور تاریخ ساز موقع ثابت ہوا۔

سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مثبت رجحان کے باعث ہنڈریڈ انڈیکس میں 836 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 53 ہزار کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

ماہرینِ معاشیات کے مطابق مارکیٹ میں یہ تیزی حکومتی پالیسیوں اور معیشت میں بہتری کی توقعات کا نتیجہ ہے۔

دوسری جانب زرمبادلہ کی منڈی میں پاکستانی روپے نے امریکی ڈالر کے مقابلے میں بہتری دکھائی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق بدھ کے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 10 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ڈالر 281 روپے 71 پیسے سے کم ہو کر 281 روپے 61 پیسے پر آ گیا۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 282 روپے 60 پیسے جبکہ قیمت فروخت 283 روپے 40 پیسے ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:سونا مہنگا ہونے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

انٹربینک مارکیٹ میں دیگر غیر ملکی کرنسیوں کی صورتحال بھی مستحکم رہی۔ سعودی ریال 75 روپے 07 پیسے، بحرینی دینار 747 روپے 22 پیسے، عمانی ریال 731 روپے 71 پیسے، کویتی دینار 920 روپے 91 پیسے اور قطری ریال 77 روپے 28 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں تسلسل کے ساتھ آنے والی تیزی اور روپے کی قدر میں بہتری سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کر رہی ہے۔

اگر یہی رجحان جاری رہا تو آنے والے دنوں میں معیشت مزید استحکام کی طرف بڑھ سکتی ہے۔