
سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی اور مارکیٹ میں اعتماد کی فضا نے انڈیکس کو نمایاں بلندی تک پہنچایا۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو ٹریڈنگ کے آغاز پر ہی تیزی دیکھنے میں آئی اور ہنڈرڈ انڈیکس میں 741 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔ اس اضافے کے بعد مارکیٹ 1,51,717 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گئی جو سرمایہ کاروں کیلئے ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مارکیٹ 1,50,976 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل معاشی اقدامات، حکومتی پالیسیوں میں تسلسل اور کاروباری طبقے کے بڑھتے ہوئے اعتماد نے مارکیٹ کو مثبت سمت دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جو مارکیٹ کے استحکام کا عندیہ ہے۔
دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں بھی اچھی خبر سامنے آئی ہے، انٹر بینک میں ڈالر مزید 12 پیسے سستا ہو کر 281 روپے 60 پیسے پر آ گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ہونڈا اٹلس کے 2026 کیلئے نئے ماڈلز کی رونمائی
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈالر کی قیمت میں کمی جاری ہے جس سے ملکی معیشت پر دباؤ کم ہو رہا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ کی تیزی اور ڈالر کی قدر میں کمی دونوں عوامل اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سرمایہ کاری کیلئے حالات بہتر ہو رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں مارکیٹ مزید مستحکم ہو سکتی ہے۔



