اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر بھی سستا ہوگیا
Pakistan stock market today
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث مارکیٹ میں نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی۔

کاروبار کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس میں 461 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس دوبارہ 1 لاکھ 49 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔ اس وقت مارکیٹ 149,079 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر انڈیکس 148,618 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم نئے ہفتے کے آغاز میں ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری میں اضافہ دیکھنے کو ملا جس نے مارکیٹ کو اوپر کی سطح پر پہنچا دیا۔

معاشی ماہرین کے مطابق حکومتی معاشی پالیسیوں اور مالیاتی اقدامات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بہتر بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔

دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں بھی خوش آئند پیش رفت ہوئی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈالر 10 پیسے سستا ہونے کے بعد 281 روپے 67 پیسے پر آگیا۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ

 

 

 

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں معمولی کمی سے درآمدی دباؤ کچھ کم ہوگا، جس کا اثر مستقبل میں مہنگائی کی شرح پر بھی پڑ سکتا ہے۔

اسٹاک مارکیٹ اور کرنسی مارکیٹ میں یہ بہتری معاشی استحکام کی طرف اشارہ ہے، تاہم طویل المدتی نتائج کیلئے مستقل اور جامع معاشی اصلاحات ناگزیر ہیں۔