سونے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ
Gold price in Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک بار پھر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔

مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ سونا 3 ہزار 600 روپے مہنگا ہو کر تاریخ کی بلند ترین سطح 3 لاکھ 67 ہزار 400 روپے پر جا پہنچا۔ اس غیرمعمولی اضافے کے بعد سونے کی قیمت نے ملکی معیشت پر نئی بحث چھیڑ دی۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ڈالر کی اونچی اڑان اور عالمی مارکیٹ میں عدم استحکام کے باعث مقامی مارکیٹ میں سونے کے ریٹس میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کیلئے قیمتی دھاتوں کی طرف رجحان بھی اس اضافے کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے،جس کے بعد فی اونس سونا 36 ڈالر مہنگا ہو کر 3 ہزار 447 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایف بی آر نے آن لائن کاروبار کیلئے نئے قواعدوضوابط جاری کردیے

 

 

بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی مہنگائی، معاشی غیر یقینی صورت حال اور جغرافیائی کشیدگی کو اس اضافے کا بنیادی محرک قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں پاکستان میں سونے کی قیمت مزید اوپر جا سکتی ہے۔ اس صورتحال نے نہ صرف عام صارفین بلکہ زیورات کی صنعت سے وابستہ افراد کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

سونے کی قیمت میں ریکارڈ توڑ اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ معاشی دباؤ اور عالمی عدم استحکام آئندہ بھی قیمتی دھاتوں کو سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بنائے رکھیں گے۔