ہونڈا بائکس کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
Honda bike prices
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) اطلس ہونڈا لمیٹڈ، جو پاکستان کی سب سے بڑی موٹر سائیکل ساز کمپنی ہے، نے اپنی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 2,000 سے 6,000 روپے فی یونٹ تک اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس کا نفاذ یکم جولائی 2025 سے ہوگا۔ یہ اضافہ حکومت کی جانب سے مالی سال 26۔2025 کے وفاقی بجٹ میں درآمد شدہ موٹر سائیکل انجنز پر 1 فیصد کاربن لیوی عائد کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ انڈسٹری کے ماہرین اور ڈیلرز نے پیر کے دن اس اضافہ کی تصدیق کی ہے ۔ ایسوسی ایشن آف پاکستان موٹر سائیکل اسمبلرز (APMA) کے چیئرمین محمد صابر شیخ نے کہا کہ کاربن لیوی کی وجہ سے کمپنیوں کو قیمتیں بڑھانے کی ضرورت پیش آئی ہے۔

کمپنی کے مشہور ماڈل CD-70 کی قیمت میں 2,000 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 159,900 روپے ہو گئی ہے۔ CD-70 ڈریم بھی 2,000 روپے مہنگی ہو کر 170,900 روپے کی قیمت میں فروخت ہو رہی ہے۔ پرائیڈر (Pridor) کی قیمت میں 3,000 روپے کا اضافہ ہوا ہے، اور اب یہ 211,900 روپے میں مل رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا یکم جولائی سے گیس قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ

درمیانے سطح کے ماڈلز میں، CG-125 کی قیمت 4,000 روپے کے اضافے کے ساتھ 238,900 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اس کا سیلف اسٹارٹ ماڈل اور گولڈ ویریئنٹ اب بالترتیب 286,900 اور 296,900 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اعلیٰ درجے کے ماڈلز میں قیمتوں کا زبر دست اضافہ ہوا ہے۔ CB-125F کی قیمت میں 6,000 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 396,900 روپے ہے۔ CB-150F کی قیمت اب 499,900 روپے ہو گئی ہے، جبکہ CB-150F اسپیشل کی قیمت 503,900 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

کیونکہ اطلس ہونڈا پاکستان کی موٹر سائیکلوں کی مارکیٹ کا 50 فیصد سے زائد حصہ رکھتا ہے، اس لیے قیمتوں میں یہ اضافہ ایسے صارفین پر اضافی دباؤ ڈالے گا جو پہلے ہی مہنگائی اور کم ہوتی قوت خرید کا سامنا کر رہے ہیں۔