حکومت کا یکم جولائی سے گیس قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ
حکومت نے یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کرلیا جس کا اوگرا کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) حکومت نے یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کرلیا جس کا اوگرا کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا اطلاق گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا، گھریلو صارفین کے لئے صرف ماہانہ فکسڈ چارجز میں اضافہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گھریلو صارفین کے سلیب ریٹ، روٹی تنور اور کمرشل کے ریٹ تبدیل نہیں کیے گئے، جنرل انڈسٹری، کیپٹو، سی این جی، سیمنٹ اور کھاد کے لیے بھی گیس کی قیمتیں تبدیل نہیں کی گئیں ۔

اوگرا کے مطابق حکومت نے بلک صارفین، توانائی اور انڈسٹری کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، گھریلو صارفین کے صرف فکسڈ چارجز میں اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا چوزوں کو لگژری آئٹمزمیں شامل کرنے کا فیصلہ

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے محفوظ صارفین کے مقررہ چارجز 50 فیصد بڑھا کر 400 روپے سے 600 روپے کر دیے ہیں، غیر محفوظ گھریلو صارفین کے مقررہ چارجز 50 فیصد بڑھا کر ایک ہزار روپے سے ایک ہزار 500 روپے کر دیے گئے ہیں۔

اسی طرح بلک صارفین کے لیے گیس کے نرخ 9.5 فیصد بڑھا کر 2 ہزار 900 روپے سے 3 ہزار 175 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دیے گئے، بجلی بنانے کیلئے گیس کی قیمتیں ایک ہزار 50 روپے سے ایک ہزار 215 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئیں۔

اوگرا کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس کے نرخ ساڑھے تین ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیے گئے ہیں۔