خبردار: بینکوں سے کیش نکلوانے والوں کیلئے بُری خبر

فائیل فوٹو
May, 31 2025
(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال میں نان فائلرز پر دباؤ بڑھانے کیلئے ودہولڈنگ ٹیکس دگنا کرنے کا فیصلہ کر دیا۔
وفاقی حکومت کے جاری کردہ اعلان کے مطابق آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں نان فائلرز پر مالی دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، حکومت نان فائلرز کی بینکوں سے کیش نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس 0.6 فیصد سے بڑھا کر 1.2 فیصد کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے، جس کا مقصد 15 سے 20 ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برائلر گوشت کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں
اس وقت ایسے افراد جو ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ (اے ٹی ایل) میں شامل نہیں، جو ایک دن میں 50 ہزار روپے سے زائد رقم بینک سے نکالتے ہیں، ان سے 0.6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے، لیکن اب حکومت اس ٹیکس کو دگنا کر کے 1.2 فیصد کرنے پر غور کر رہی ہے، یعنی 1 لاکھ روپے نکالنے پر نان فائلر کو 1200 روپے ٹیکس دینا ہوگا
واضح رہے یہ اقدام فنانس ایکٹ 2023 اور سیکشن 231AB کے تحت موجودہ قوانین کو مزید سخت بنانے کی کوشش میں ہے تاکہ تمام بینکنگ کمپنیاں ایسی رقم پر ٹیکس کاٹنے کی پابند بنیں۔
مزید یہ کہ اس تجویز کے تحت اب نہ صرف بینک کاؤنٹر سے نکلوانے والی رقم بلکہ اے ٹی ایم اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے نکلوانے والی رقم پر بھی نیا شرح ٹیکس لاگو ہوگا، بشرطیہ کہ وہ یومیہ حد سے تجاوز کرے۔
خیال رہے کہ یہ اقدام نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوششوں کا حصہ ہے، تاکہ ٹیکس بیس میں اضافہ ہو سکے اور قومی آمدن میں بہتری آ سکے۔